اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان کے عدالتی نظام نے کارکردگی میں نمایاں بہتری دکھائی ہے، اور گزشتہ چھ ماہ میں لاکھوں مقدمات کا تصفیہ کیا گیا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2025 کی پہلی ششماہی کے دوران 29 لاکھ سے زائد مقدمات نمٹائے گئے ہیں۔
لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے مطابق، یکم جنوری سے 30 جون 2025 تک ملک بھر میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 2371227 تھی۔ اس عرصے میں 2807674 نئے مقدمات درج ہوئے، جبکہ 2901440 مقدمات کا کامیابی سے تصفیہ ہوا۔ نتیجتاً، زیر التوا مقدمات کی تعداد میں 100643 کی کمی واقع ہوئی ہے۔
اعلیٰ عدالتوں اور صوبائی عدلیہ میں بہترین کارکردگی کی وجہ سے زیر التوا مقدمات کی تعداد میں کمی ہوئی، تاہم بلوچستان کی عدالتوں میں زیر التوا مقدمات کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے زیر التوا مقدمات کی تعداد 57403 سے کم کر کے 56145 کردی، جہاں 9685 نئے مقدمات دائر ہوئے اور 11888 مقدمات کا تصفیہ ہوا۔
وفاقی شرعی عدالت نے زیر التوا مقدمات کی تعداد 78 سے کم کر کے 65 کر دی، جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے بھی اپنے زیر التوا مقدمات کو کم کرکے 188077 کردیا۔


