کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستانی ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہما سلیم کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ایک قومی کرکٹر پر ہراسانی اور دھمکیوں کے الزامات عائد کرنے کے بعد اچانک غائب ہوگیا ہے۔ صارفین کو ہما سلیم کی پروفائل تک رسائی پر "یہ صفحہ دستیاب نہیں ہے” کا پیغام موصول ہو رہا ہے۔ یہ واضح نہیں کہ اکاؤنٹ انسٹاگرام نے معطل کیا یا ہما سلیم نے خود غیر فعال کیا۔
ہما سلیم نے انسٹاگرام اسٹوریز میں ایک نامعلوم قومی کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیوں اور ذہنی و جذباتی تشدد کے الزامات عائد کیے تھے، تاہم کرکٹر کا نام ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کرکٹر نے طویل عرصے تک انہیں مبینہ طور پر ہراساں کیا اور حالیہ دنوں میں دھمکیاں دیں۔
ماڈل نے کہا کہ کرکٹر نے ان کی پیشہ ورانہ ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی اور وہ قانونی کارروائی کی تیاری کر رہی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے متعلق مالی معاملات کا بھی ذکر کیا، لیکن ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
اب تک کسی کرکٹر کی شناخت سامنے نہیں آئی اور نہ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئی باضابطہ ردعمل جاری کیا ہے۔ ہما سلیم پاکستان کی فیشن انڈسٹری میں ماڈلنگ اور مختلف برانڈز کے ساتھ اشتراک کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔


