بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ امریکہ میں موجود چینی صحافیوں کے قانونی حقوق اور مفادات کا تحفظ کرے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے یہ بات روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہی۔ ترجمان سے ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے سے متعلق سوال کیا گیا تھا جس کے تحت صحافیوں کے ویزوں کی مدت کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا اطلاق چینی صحافیوں پر بھی ہوگا۔
ترجمان نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے عوامی روابط اور باہمی تبادلوں پر عائد پابندیاں کسی بھی فریق کے مفاد میں نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین امریکہ کی جانب سے کسی مخصوص ملک کو نشانہ بنانے والے اس امتیازی اقدام کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کا نیا ضابطہ 2021 میں میڈیا کے معاملات پر چین اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے تین نکاتی اتفاق رائے کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس سے امریکہ میں چینی میڈیا کے معمول کے پیشہ ورانہ کام پر شدید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
ترجمان نے کہا کہ چین جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے۔


