لندن (لارڈ میڈیا): بلوچستان کے ضلع لورالائی سے تعلق رکھنے والے کاشتکار محمد حسن ترین نے لندن انٹرنیشنل اولیو آئل مقابلے میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔ مقابلے میں دنیا بھر کے 1300 معروف برانڈز شامل تھے۔ یہ کامیابی پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ لندن انٹرنیشنل اولیو آئل مقابلہ دنیا کے معتبر ترین مقابلوں میں شامل ہے، جہاں زیتون کے تیل کا معیار سخت بین الاقوامی اصولوں کے مطابق جانچا جاتا ہے۔ گولڈ میڈل حاصل کرنا عالمی سطح پر معیار کی علامت ہے۔
محمد حسن ترین نے کہا کہ یہ اعزاز پورے پاکستان، خصوصاً زیتون کی صنعت کی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا موسم اور زمین اعلیٰ معیار کے زیتون کی پیداوار کے لیے موزوں ہیں، اور مزید توجہ دینے سے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
ترین نے مزید کہا کہ اس کامیابی سے پاکستانی زیتون کے تیل پر عالمی خریداروں کا اعتماد بڑھے گا، جس سے ملکی برآمدات اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو گا۔ یہ کامیابی زیتون کے کاشتکاروں کے لیے حوصلہ افزا پیغام ہے۔
زرعی ماہرین کے مطابق پاکستان میں زیتون کی کاشت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی و نجی شعبے کی کوششوں سے لاکھوں زیتون کے پودے لگائے جا چکے ہیں، جس کے مثبت نتائج عالمی سطح پر ظاہر ہو رہے ہیں۔


