اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان کو ملنے والے بیرونی قرضوں میں گزشتہ سال کی نسبت 5 ارب 21 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ دستاویزات کے مطابق جولائی تا مئی 11 ماہ میں 12.10 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت ملی، جبکہ پاکستانی کرنسی میں اس قرض کی مالیت 3 ہزار 364 ارب روپے ہے۔ پاکستان کو ملنے والی 38 ارب روپے کی مالی گرانٹ اس کے علاوہ ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال اسی مدت میں 6.89 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ اور گرانٹس ملی تھیں۔
دستاویز کے مطابق صرف مئی 2026 میں ایک ارب ڈالر سے زائد قرضہ حاصل ہوا۔ رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں عالمی مالیاتی اداروں سے 3.10 ارب ڈالر حاصل ہوئے اور مختلف ممالک سے دوطرفہ مالی معاونت کی مد میں 1.31 ارب ڈالر ملے۔
حکومت نے نیا پاکستان سرٹیفیکیٹ کی مد میں 2.66 ارب ڈالر کا قرضہ لیا، سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کے نئے ڈیپازٹس فراہم کیے جبکہ آئی ایم ایف سے 42 کروڑ ڈالر حاصل ہوئے۔


