نیویارک (لارڈ میڈیا): پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد گروہ پاکستان اور خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ گروہ پاکستان کے خلاف سرحد پار حملوں میں ملوث ہیں اور ان کی دہشتگردی پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ بن چکی ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسدادِ دہشتگردی، انسانی حقوق اور بہتر حکمرانی افغانستان کی اہم ترجیحات ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سلامتی کونسل نے افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ طالبان عناصر کے دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ تعاون کی اطلاعات بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق ٹی ٹی پی، بی ایل اے، مجید بریگیڈ، داعش خراسان اور القاعدہ افغانستان میں سرگرم ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ چین نے قرارداد پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں مؤثر کردار ادا کیا اور پاکستان افغانستان میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کیلئے یوناما کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے یوناما سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاجرین کی باعزت واپسی، غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام اور ہمسایہ ممالک کے سلامتی خدشات کو مدنظر رکھے۔


