اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی حکومت نے ملک میں غیر قانونی سگریٹوں کے کاروبار پر قابو پانے کے لیے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ فنانس بل 2026 کے تحت سگریٹوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کے موجودہ دو درجوں کے نظام کو تین درجوں میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر قانونی سگریٹوں کی تجارت کو روکنا اور دستاویزی تمباکو صنعت کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت مقامی مارکیٹ کا 56 فیصد حصہ غیر قانونی سگریٹوں پر مشتمل ہے، جس کے باعث قومی خزانے کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔
بین الاقوامی ڈونر اداروں نے بھی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی بلند شرح اور غیر قانونی تجارت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران ڈیوٹی میں اضافے سے دستاویزی شعبے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ غیر قانونی کاروبار کو فروغ ملا۔
فنانس بل 2026 کے تحت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا تیسرا درجہ متعارف کرانے کی تجویز ہے، جس کے مطابق ایف ای ڈی کی شرح 3,200 روپے فی ایک ہزار سگریٹ اسٹکس مقرر کی جا سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے قانونی صنعت کو مسابقتی ماحول ملے گا اور غیر قانونی سگریٹوں کے رجحان کو روکنے میں مدد ملے گی۔


