ٹورنٹو (لارڈ میڈیا): کینیڈا میں ایئر کینیڈا کے سابق کپتان جیفری وال کو تقریباً 17 سال تک بغیر مناسب پائلٹ لائسنس کے سینکڑوں پروازیں چلانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پیل ریجنل پولیس نے بتایا ہے کہ وال پر دھوکہ دہی اور جعلی دستاویزات استعمال کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، جیفری وال نے 2009 سے 2025 کے درمیان جعلی لائسنس کے ذریعے 900 سے زائد ملکی اور بین الاقوامی پروازیں اڑائیں۔ ان کے پاس کمرشل پائلٹ کا عام لائسنس تھا، لیکن ‘ایئر لائن ٹرانسپورٹ پائلٹ لائسنس’ نہیں تھا، جو بڑے ہوائی جہاز کی کپتانی کے لیے ضروری ہے۔
پیل ریجنل پولیس کے چیف نشان دورائیہ پا نے کہا کہ اس معاملے سے عوام کے اعتماد اور تحفظ کو ٹھیس پہنچی ہے، کیونکہ ملزم نے لاکھوں مسافروں کی جان کو خطرے میں ڈالا۔ اب سابق پائلٹ کو دھوکہ دہی اور امن عامہ میں خلل ڈالنے کے الزامات کا سامنا ہے۔
ایئر کینیڈا نے کہا کہ تمام پائلٹس کو ہر چھ ماہ بعد تربیتی عمل سے گزرنا پڑتا ہے، جہاں ان کی مہارت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ جیفری وال ہمیشہ کامیاب رہے اور انہیں فوراً ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا جب ایئر کینیڈا کو ان کی جعلسازی کا علم ہوا۔ کمپنی نے دیگر پائلٹس کے ریکارڈ چیک کیے اور کوئی دوسرا ایسا کیس سامنے نہیں آیا۔
فلائٹ سیفٹی فاؤنڈیشن کے سربراہ حسن شاہدی نے اس کیس کو دنیا کا ایک انوکھا اور نایاب واقعہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو یہ لائسنس کی تصدیق کے نظام کی ناکامی ہے۔
یہ مقدمہ اب کینیڈا میں فضائی حفاظت، لائسنسنگ کے عمل اور ریگولیٹری نگرانی کے نظام پر ایک اہم آزمائش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ عدالت میں الزامات کے فیصلے کا انتظار ہے۔


