چھاچھرو (لارڈ میڈیا): چھاچھرو کے علاقے میں اونٹنی پر تشدد کا واقعہ پیش آیا جہاں کھیت میں گھسنے پر اونٹنی پر لوہے کے راڈ سے وار کیے گئے، جس سے اس کی دونوں آنکھیں ضائع ہوگئیں۔ تھرپارکر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔
سیکریٹری لائیو اسٹاک کاظم جتوئی کی رپورٹ کے مطابق، علاج کے بعد اونٹنی کی حالت مستحکم ہوگئی ہے اور وہ کھانے پینے کے قابل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے اونٹنی کی مکمل صحت یابی تک بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جانوروں پر ظلم کسی مہذب معاشرے میں برداشت نہیں کیا جا سکتا اور واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق، تشدد سے 13 سالہ اونٹنی کی دائیں آنکھ مکمل ضائع ہوگئی جبکہ بائیں آنکھ میں شدید سوجن پائی گئی۔ ویٹرنری ماہرین کی ٹیم متاثرہ گاؤں میں تعینات کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اونٹنی کو اینٹی بائیوٹکس، درد کم کرنے والی ادویات اور غذائی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے اونٹنی کے جاری علاج کا جائزہ لیا اور اس کے مالک سے ملاقات کی۔


