گلگت (لارڈ میڈیا): گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 10 نشستیں جیت لی ہیں۔ مسلم لیگ ن نے 4 جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ایک امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ 6 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔
حلقہ جی بی اے 1 گلگت 1 میں پیپلز پارٹی کے امجد حسین 10594 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ ن کے محمد شفیق الدین 6312 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
حلقہ جی بی اے 2 گلگت 2 میں مسلم لیگ ن کے حفیظ الرحمان 4129 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کے جمیل احمد 2695 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
دیگر حلقوں میں بھی پیپلز پارٹی اور آزاد امیدواروں کی کامیابیاں جاری ہیں۔ حکومت سازی کے لیے کسی بھی جماعت یا اتحاد کو 17 نشستوں کی سادہ اکثریت درکار ہے۔
گلگت بلتستان بھر میں 1389 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 9 لاکھ 58 ہزار سے زائد ہے اور انتخابی عمل کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔


