نیویارک (لارڈ میڈیا): اسرائیل نے لبنان کے گنجان آباد علاقوں پر زہریلا سفید فاسفورس استعمال کرتے ہوئے کیمیائی حملہ کیا ہے۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، یہ مہلک کیمیکل انسانی جسم کو شدید زخم پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسرائیلی فوج نے 30 مئی کو جنوبی لبنان کے بوفورٹ قلعے پر قبضے کے دوران بھی اس کا استعمال کیا۔
نیویارک ٹائمز نے ماہرین اور ویڈیوز کی مدد سے نبطیہ شہر پر حملے کی تصدیق کی ہے جہاں تقریباً 40 ہزار کی آبادی پر زہریلا کیمیائی مادہ چھڑکا گیا۔ لبنانی شہروں صور، القلیعہ، خیام اور یحمر میں بھی سفید فاسفورس کا استعمال ہوا، جو فضا میں گھلتے ہی دھماکوں اور آگ کا باعث بنتا ہے۔
یہ کیمیائی مادہ دوران جنگ آگ لگانے اور دھواں پیدا کرنے کیلئے استعمال ہوتا ہے، جبکہ جنیوا کنونشن کے تحت گنجان آباد اور شہری علاقوں میں اس کے استعمال پر پابندی ہے۔


