شیخوپورہ (لارڈ میڈیا): شیخوپورہ میں تھانہ کوٹ عبدالمالک کی حدود میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ایک ملزم نے اپنی سابقہ اہلیہ اور 14 سالہ بیٹی پر تیزاب پھینک دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقاص کو گرفتار کر لیا۔
پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے ڈی پی او شیخوپورہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق متاثرین کو ہر ممکن انصاف فراہم کیا جائے گا۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ایسڈ حملہ سنگین جرم ہے اور ایسڈ کنٹرول بل 2025 کے تحت ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی، جس میں کم از کم 14 سال قید اور پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ شامل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاتون اور بچی کو قانونی، طبی اور نفسیاتی معاونت فراہم کی جائے گی، اور خواتین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


