کراچی (لارڈ میڈیا): کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے روزی گوٹھ میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں باپ اور بیٹا جاں بحق جبکہ دوسرا بیٹا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت 62 سالہ کامل حسین اور 26 سالہ دوہان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی 30 سالہ عادل کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ چھیپا کے رضاکاروں نے لاشوں اور زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ رشتے داروں کے درمیان تنازع پر جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزم کی شناخت کر لی گئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن سہیل خاصخیلی نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ لڑکی کے رشتے پر تنازع کی وجہ سے پیش آیا۔


