پشاور (لارڈ میڈیا): نیب نے کوہستان مالیاتی کرپشن کیس میں 6 ارب روپے سے زائد مالیت کے اثاثے خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کر دیے۔ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے اثاثے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کے حوالے کیے۔
پہلے مرحلے میں نقد رقم، سونا، قیمتی جائیدادیں اور لگژری گاڑیاں صوبائی حکومت کے حوالے کی گئیں۔ نیب کے مطابق اثاثوں کی واپسی منظم اور جامع تحقیقات کے نتیجے میں ہوئی۔ کوہستان مالیاتی کرپشن میں سرکاری فنڈز سے 37 ارب روپے سے زائد کا غبن ہوا۔
چیئرمین نیب نے کہا کہ پیچیدہ مالیاتی غبن کو مؤثر تحقیقات کے ذریعے بے نقاب کیا گیا۔ انہوں نے ڈی جی نیب خیبرپختونخوا فرمان اللہ اور تحقیقاتی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ مزید ریکوری کا عمل جاری ہے اور قانونی کارروائی مکمل ہونے پر مزید اثاثے منتقل کیے جائیں گے۔
پشاور میں ایک خصوصی تقریب کے دوران چیئرمین نیب نے جنگ اور جیو گروپ کے سینئر صحافی ارشد عزیز ملک کو کوہستان اسکینڈل منظر عام پر لانے پر خصوصی شیلڈ اور سرٹیفکیٹ دیا۔


