اسلام آباد (لارڈ میڈیا): محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 8 جون سے 11 جون تک ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے نمایاں طور پر زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ بالائی فضا میں ہوا کے زیادہ دباؤ کا نظام بننے کی توقع ہے جو 7 سے 12 جون تک برقرار رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے جبکہ چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، اور مظفرآباد میں 8 سے 10 جون کے دوران درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں جیسے لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، اور ملتان میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں گرمی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، اور دادو میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بھی 8 سے 12 جون کے دوران شدید گرم موسم متوقع ہے اور درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔


