سنگاپور (شِنہوا) امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تزویراتی استحکام پر مبنی تعمیری تعلقات کے قیام کا نیا تصور، جس پر دونوں ممالک کے سربراہان مملکت نے حال ہی میں بیجنگ میں ہونے والی اپنی سربراہ ملاقات کے دوران اتفاق کیا تھا، "خطے اور دنیا میں امن کی تاریخ کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔”
ہیگسیتھ نے ان خیالات کا اظہار سنگاپور میں جاری شانگری- لا ڈائیلاگ 2026 کے دوران چینی وفد کے ایک رکن کی جانب سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ-چین تعلقات کے لئے یہ نیا رخ حقیقی، ٹھوس اور خطے اور دنیا میں امن کی تاریخ کے لئے بامعنی ہے۔
ہیگسیتھ نے کہا کہ جب تعمیری اور تزویراتی استحکام سے متعلق بات چیت ہو رہی تھی تو وہ خود وہاں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ "میرے خیال میں یہ دونوں رہنماؤں کی جانب سے اس تعلق کے بارے میں اپنے مقاصد کے تعین کا ایک بہترین انداز تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "میں سمجھتا ہوں کہ دونوں اطراف میں باہمی احترام اور ایک دوسرے کی صلاحیتوں اور طاقت کا اعتراف موجود ہے اور یہ کہ موجودہ دور میں دنیا میں اس طاقت کا سب سے مفید استعمال کس طرح کیا جا سکتاہے۔”


