بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت آبی وسائل نے اعلان کیا ہےکہ وہ "مادر دریاؤں” کی بحالی کے لئے ملک گیر مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرے گی جس کا مقصد ملک بھر کے بڑے دریاؤں اور جھیلوں کے ماحول کو مسلسل بہتر بنانا ہے۔
وزارت نے بتایا کہ بحالی مہم کے دوسرے مرحلے میں مزید 111 دریا اور جھیلیں شامل کی جائیں گی جبکہ پہلے مرحلے میں 88 دریا اور جھیلیں شامل کی گئی تھیں۔
وزارت نے بتایا کہ 2030 تک ان منتخب کر دہ 111 دریاؤں اور جھیلوں میں شامل تمام موسمی دریا معمول کے آبی بہاؤ کی صورت میں مسلسل رواں رہیں گے جبکہ جھیلوں کے ماحولیاتی آبی سطح کو موثر طریقے سے برقرار رکھا جائے گا۔ مزید یہ کہ اہم دریاؤں اور جھیلوں کے ماحولیاتی افعال میں نمایاں بہتری آئے گی اور اہم آبی مسکن بحال کر دیئے جائیں گے۔
وزارت نے بتایا کہ مہم میں شامل ہر دریا یا جھیل کے لئے ایک مخصوص بحالی منصوبہ تیار کیا جائے گا جس میں تجاوزات کا شکار آبی ذخائر کی بحالی، پانی کی منتقلی کے نظام کو بہتر بنانے، ماحولیاتی مقاصد کے لئے پانی کی فراہمی مضبوط کرنے اور مختلف آبی گزرگاہوں کے درمیان رابطہ بہتر بنانے جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔
وزارت نے مہم کے پہلے مرحلے کے دوران حاصل ہونے والی کئی بڑی کامیابیوں کا ذکر کیا جن میں دی گرینڈ کینال جو کہ یونیسکو کا ایک عالمی ثقافتی ورثہ ہے اور دریائے یونگ ڈنگ جو کہ گنجان آباد بیجنگ-تیانجن-ہیبے خطے سے گزرنے والی ایک بڑی آبی گزرگاہ ہے، میں پانی کے بہاؤ کی مکمل بحالی شامل ہے۔
"مادر دریا” سے مراد وہ آبی گزرگاہیں ہیں جو قومی، صوبائی، شہری اورکاؤنٹی سطح پر اپنے طاس کے اطراف آباد نسل در نسل لوگوں کی زندگی سے گہرا تعلق رکھتی ہیں۔ یہ دریا اور جھیلیں علاقائی زمینی ساخت اور ماحولیاتی نظام کی تشکیل، معاشی و سماجی ترقی کی بنیاد فراہم کرنے، انسانی تہذیب کی آبیاری کرنے اور ثقافتی ورثے کو نسل در نسل منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
چین نے حالیہ برسوں میں آبی ماحول کے تحفظ اور بحالی کے شعبے میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ 2025 میں اچھے معیار کے سطحی پانی کا تناسب 91.4 فیصد تک پہنچ گیا جو مسلسل دوسرے سال 90 فیصد سے زائد رہا۔


