نیویارک (شِنہوا) چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے نیویارک میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور ایران کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کا فعال کردار ادا کیا ہے اور وہ ایک قابل اعتماد اور اہل ثالث ثابت ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور مذاکرات و بات چیت کے فروغ، جامع جنگ بندی کے قیام اور مشرق وسطیٰ و خلیجی خطے میں جلد از جلد امن و استحکام کی بحالی کے لئے مل کر کام کرے گا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لئے پانچ نکاتی تجویز پیش کی ہے، جسے وسیع حمایت حاصل ہوئی ہے۔ پاکستان کشیدگی کم کرنے کے لئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے وانگ یی نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا، جس میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان نئے امور پر اہم اتفاق رائے طے پایا اور چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کو ایک نئی سطح پر پہنچایا گیا۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے، باہمی سیاسی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے، عملی تعاون کو وسعت دینے، پاکستان کی خود انحصار ترقی کی صلاحیت بڑھانے اور نئے دور میں مزید قریبی چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کو تیز کرنے کے لئے تیار ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا۔ پاکستان چین کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے پر عملدرآمد، ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر کو آگے بڑھانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے تاکہ پاکستان اور چین کی سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان چین کی جانب سے پیش کردہ اقدامات کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور کثیرجہتی نظام کے فروغ کے لئے چین کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔


