ہومتازہ ترینآسکر ایوارڈ یافتہ چینی موسیقار کے تیارکردہ بدھا پیشن کی اسپین میں...

آسکر ایوارڈ یافتہ چینی موسیقار کے تیارکردہ بدھا پیشن کی اسپین میں افتتاحی پیشکش

چینی موسیقار تان دون نے میڈرڈ کے نیشنل میوزک آڈیٹوریم میں ہسپانوی موسیقاروں اور گلوکاروں کے قومی گروپ کی قیادت کرتے ہوئے اپنے شاہکار بدھا پیشن کو اسپین میں پہلی بار پیش کیا ہے۔ یہ کنسرٹ اتوار کے روز تک جاری رہا۔

بدھا پیشن دراصل دُون ہوانگ کے موگاؤ غاروں کی دیواروں پر کی گئی قدیم نقاشی سے متاثر ہو کر تخلیق کیا گیا۔ اس میں موسیقی چھ حصوں میں ترتیب دی گئی ہے۔ ان حصوں میں بودھی درخت کے نیچے، نو رنگوں والا ہرن، ہزار ہاتھ اور ہزار آنکھیں، زین باغ، ہارٹ سوترا اور نِروان شامل ہیں۔ تان دون نے موسیقی کا یہ شاہکار سال 2012 میں دُون ہوانگ کے اپنے سفر کے بعد تیار کیا۔ اس سفر میں انہوں نے غاروں کی دیواروں پر بنی تصویروں اور قدیم قلمی نسخوں کا مطالعہ کیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے دیواروں کے نقش و نگار میں دکھائے گئے موسیقی کےمتعدد قدیم آلات کو دوبارہ تیار کر کے آرکسٹرا کی موسیقی میں شامل کیا۔ بدھا پیشن پہلی بار سال 2018 میں جرمنی کے شہر ڈریسڈن میں پیش کیا گیا تھا۔ اس میں تھیٹر اور رسومات کو ملا کر روحانی موسیقی کا ماحول پیدا کیا جاتاہے جس میں محبت، معافی، قربانی اور نجات جیسے موضوعات اجاگر ہوتے ہیں۔

فلم کروچنگ ٹائیگر، ہڈن ڈریگن کے لئے اکیڈمی ایوارڈ یافتہ موسیقار تان دون موسیقی کی مختلف روایات کو یکجا کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

اسپین میں بدھا پیشن کی افتتاحی پیشکش میں زیادہ تر ایشیائی فنکار انفرادی حیثیت میں شریک ہوئے۔ ان ایشیائی فنکاروں میں سوپرانو کینڈس چھونگ، ٹینر ہنری نگن، میزو سوپرانو سمانتھا چونگ، باس اپولو وونگے کےعلاوہ روایتی منگولین موسیقار و گلوکار لاؤ چون ہو بھی شامل ہیں۔ تان دون کے اس دورے کے دوران ہسپانوی فلم آرکائیو میں فلمی موسیقی کی تحسین سمیت دیگر متعلقہ تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔

میڈرڈ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں