بیجنگ (شِنہوا) ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنہ (آر سی ایس سی) نے گزشتہ ایک سال کے دوران 16 ہزار سے زائد شدید بیمار بچوں کی مدد کی ہے۔ آر سی ایس سی نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ اس امداد میں لیوکیمیا (خون کے سرطان) کے مریض 7 ہزار سے زیادہ کم عمر بچوں کی مالی معاونت اور دل کے پیدائشی امراض میں مبتلا 5 ہزار سے زائد بچوں کی مدد شامل ہے۔
آر سی ایس سی کے نائب صدر بیان شیاؤ نے بتایا کہ تنظیم نے ملک کے 12 صوبائی سطح کے علاقوں میں دل کے پیدائشی امراض کی تشخیص کی جس سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 50 ہزار بچوں کو فائدہ پہنچا۔
بیان شیاؤ نے مزید کہا کہ ریڈ کراس کی مقامی شاخوں نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والی سروس ٹیمیں قائم کی ہیں جن کے اراکین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ اسی دوران چائنہ میرو ڈونر پروگرام کے ڈیٹا بیس میں ایک لاکھ 70 ہزار نئے عطیہ دہندگان کے نمونے شامل کئے گئے ہیں۔
جمعہ کے روز 79 واں عالمی ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ ڈے منایا گیا۔


