بیجنگ (شِنہوا) چین میں خلائی تعلیم کے فروغ کے لئے بیجنگ میں ایک نیا بڑا مرکز کھول دیا گیا ہے جہاں نوجوانوں کو چین کی خلائی کامیابیوں اور اس سے آگے کے سفر کا عملی تجربہ فراہم کیا جائے گا۔
سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی کے مطابق چائنہ (بیجنگ) ایئرو سپیس سائنس سنٹر بیجنگ کے شمال مغربی ضلع چھانگ پھنگ میں ایک وسیع پارک طرز کے کمرشل کمپلیکس کے اندر واقع ہے۔ یہ چین میں معیاری خلائی تعلیم کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
3 ہزار 700 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا یہ مرکز 6 سے 16 سال کی عمر کے بچوں اور نوجوانوں کے لئے بنایا گیا ہے جہاں حقیقی خلائی ٹیکنالوجی وسائل کو انٹرایکٹو تفریح کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔
اس مرکز کو 6 مختلف موضوعاتی حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو انسانی خلائی تحقیق کے سفر کو ترتیب وار پیش کرتے ہیں۔ "ٹائم ٹنل” کے حصے میں خلا سے متعلق 100 اہم سنگ میل دکھائے گئے ہیں جن میں چین کے مکمل خلائی سفر پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ یہاں آنے والے راکٹ لانچ کی حقیقت کے قریب کاؤنٹ ڈاؤن سیمولیشن کا تجربہ کر سکتے ہیں، سیٹلائٹ کے اندرونی ڈھانچے کو مرحلہ وار دیکھ سکتے ہیں اور خلائی مشن کے ہر مرحلے کے انجینئرنگ اصولوں کو سمجھ سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہاں ایک رول پلے سسٹم بھی ہے جہاں بچے ایئرو سپیس انجینئر کا کردار ادا کر سکتے ہیں، تقریباً 30 میٹر لمبا کھولا گیا راکٹ عوامی مشاہدے کے لئے رکھا گیا ہے۔
مکمل خلائی سٹیشن کی ہولوگرافک نمائش، چاند پر بیس بنانے کا انٹرایکٹو گیم، چین کے پہلے مریخی روور "ژورونگ” کا حقیقی سائز ماڈل اور ورچوئل ریئلٹی کے ذریعے "کہکشاؤں کے سفر” جیسی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔


