ہومپاکستانوزیراعظم نے اپنا گھر سکیم کا اجرا کردیا، پہلے مرحلے میں 50...

وزیراعظم نے اپنا گھر سکیم کا اجرا کردیا، پہلے مرحلے میں 50 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر، 321 ارب روپے مختص

وزیراعظم شہباز شریف نے غریب و متوسط طبقے کو اپنی چھت کے حصول کیلئے ‘اپنا گھر سکیم’ کا اجرا کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام آدمی کو اپنی چھت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، تعمیراتی شعبے سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے، حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، پہلے مرحلے میں 50ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف ہے، منصوبے کیلئے 321ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، سکیم کے تحت 10مرلے تک کے گھر کی تعمیر کیلئے ایک کروڑ روپے کا قرض آسان شرائط پر دیا جائے گا، قرضے واپسی کی مدت 20سال ہوگی، پہلے 10سال مارک اپ 5فیصد، اگلے 10سال مارک اپ مارکیٹ شرح کے مطابق ہوگا۔

جمعرات کو تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے اپنا گھر سکیم کے تحت قرض حاصل کرنیوالے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سکیم کے اجرا کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے، عوام کو اپنا گھر فراہم کرنا کسی بھی حکومت اور ریاست کا بنیادی اور مقدس فریضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 24کروڑ آبادی میں سے بڑی تعداد اپنی چھت سے محروم ہے، اس حوالے سے آج کی یہ تقریب انتہائی یادگار ہے، سکیم کے اجرا کیلئے بہت زیادہ محنت کی گئی ہے، بہت سے مسائل درپیش تھے لیکن انہیں نجی شعبے کی مشاورت و دیگر متعلقہ افراد اور حکام کے تعاون سے حل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ ایک نوجوان ڈرائیور غلام حسین کو بھی اللہ تعالی نے اپنا گھر بنانے کا موقع فراہم کیا ہے، اسے قرض ملا ہے جبکہ چیک حاصل کرنے والوں میں آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے لوگ بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سکیم کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گھر ہو تو اپنا اس سکیم کا تسلسل ہے جس کا میں نے پنجاب سے آغاز کیا تھا اور اس کا نام آشیانہ رکھا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے مختلف مقامات پر خود اس سکیم کا سنگ بنیاد رکھا اور چابیاں لوگوں کے حوالے کیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت نے منصوبے کے پہلے مرحلے میں 50ہزار گھروں کیلئے قرض فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، اس مقصد کیلئے 321ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رہائشی ضروریات پوری کرنے کیلئے آئندہ 4برسوں میں 5لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف رکھا گیا ہے ،سکیم کے تحت 10مرلے تک کے گھر تعمیر کئے جاسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھر پور تعاون و معاونت پروفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیر ہائوسنگ اور گورنر سٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہر مہینے سکیم کا جائزہ خود لوں گا تاکہ اگرکسی قسم کی کوئی رکاوٹ ہو تو اسے دور کیا جائے اور ادائیگیاں بروقت ہوں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اپنا گھر سکیم کے تحت قرض کے حصول کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے ،قرضے کی واپسی کی مدت 20سال ہو گی پہلے 10سال مارک اپ 5فیصد اور اگلے 10سال مارکیٹ کی شرح کے مطابق ہوگا، سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک قرضہ لیا جاسکے گا، زیادہ قرضہ فراہم کرنے والے بینکوں کو 14اگست کو قومی ایوارڈ دیا جائے گا اور جو بینک اس میں کوتاہی کا مظاہرہ کریں گے ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

وزیرعظم نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں بھی مختلف سکیموں کو شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی شعبے سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے، اس سے بہت سے شعبے جڑے ہوتے ہیں، اس سے ہماری صنعت و حرفت کو ترقی ملتی ہے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں۔

وزیراعظم نے بتایا کہ حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، چند ماہ قبل ملک کے ممتاز برآمد کنندگان میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور انہیں ملک کے عمومی سفیر بھی بنایا جبکہ ان کیلئے 2 سال کے بلیو پاسپورٹ کا بھی اجرا کیا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں