وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران امریکہ مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کیلئے دعاء گو ہیں، مہمانوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
پیر کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں امریکی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی سفیر نیٹلی بیکر سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات پر بھی گفتگو کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے نے بتایا کہ تمام معزز مہمانوں کیلئے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد مذاکرات کے دوسرے راؤنڈ کی کامیابی کیلئے دعاء گو ہیں۔


