فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے وفاقی دارالحکومت میں جائیداد کی قیمتیں مزید کم کرتے ہوئے تیسری مرتبہ نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تاجروں کے مطالبہ پر اسلام آباد کی پراپرٹی کی ویلیو کے ازسرنو ریٹ جاری کئے گئے ہیں جس کے مطابق مختلف سیکٹرز میں قیمتوں میں 33 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سیکٹر بی 17 میں قبضہ والے پلاٹس کی قیمت 30ہزار روپے سے کم کر کے 21ہزار روپے فی گز جبکہ بغیر قبضہ پلاٹس کی قیمت 15ہزار سے کم کرکے 10ہزار 500 روپے فی مربع گز مقرر کر دی گئی ہے، اسی طرح سی 14میں ویلیوایشن 30ہزار سے کم کر کے 21ہزار روپے فی مربع گز، سی 15میں 25 ہزار سے کم کر کے 17ہزار 500روپے اور سی 16میں 20ہزار سے کم کر کے 14ہزار روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے۔
ڈی 12 میں ویلیوایشن ایک لاکھ 30ہزار سے کم کر کے 91ہزار روپے جبکہ ڈی 13میں 16ہزار سے کم کر کے 11ہزار 500روپے فی مربع گز کر دی گئی ہے، سیکٹر ای 12میں یہ شرح 56ہزار سے کم کر کے 39ہزار 200روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے۔
ایف بی آر نوٹیفکیشن کے مطابق ایف 15میں بغیر قبضہ فارم ہائوسز کی ویلیوایشن بھی کم کی گئی ہے جہاں قیمت 20ہزار سے کم کر کے 12ہزار 500روپے فی مربع گز مقرر کی گئی ہے، سیکٹر جی 13 میں پلاٹس کی ویلیوایشن ایک لاکھ سے کم کر کے 70ہزار روپے جبکہ جی 14میں 45ہزار سے کم کر کے 31ہزار 500روپے فی مربع گز کر دی گئی ہے، جی 16 میں 15 ہزار سے کم کر کے 10ہزار 500روپے اور جی 17میں 25ہزار سے کم کر کے 17 ہزار 500روپے فی مربع گز مقرر کئے گئے ہیں۔
اسی طرح آئی 11 میں پلاٹس کی قیمت 40 ہزار سے کم کر کے 28 ہزار روپے اور آئی 14 میں 40ہزار سے کم کر کے تقریباً 28ہزار 500روپے فی مربع گز کر دی گئی ہے، دوسری جانب ای 7 میں ویلیوایشن ریٹ 2لاکھ 25 ہزار روپے فی مربع گز پر برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ایف 6 اور ایف 7میں بھی ویلیوایشن 2لاکھ 10ہزار روپے فی مربع گز کی سطح پر برقرار ہے۔
ایف بی آر کے اس اقدام کو رئیل سٹیٹ مارکیٹ میں سرگرمی بڑھانے اور ٹیکس وصولی کے عمل کو بہتر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔


