وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کو دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت، رجب طیب ایردوان سے ملاقات باعث مسرت ہے۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ملاقات کی اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
وزیر خارجہ حاقان فیدان نے وزیراعظم کو انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم نے پرتپاک استقبال اور روایتی مہمان نوازی پر ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لئے خوشی کا موقع ہے کہ میں اپنے دوسرے گھر ترکیہ کے دورے پر ہوں، انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت اور صدر رجب طیب ایردوان سے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ملاقات باعث مسرت ہے۔


