پیانگ یانگ(شِنہوا)چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے کہا ہے کہ چین عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) کے ساتھ اعلیٰ سطح کے روابط اور تزویراتی مشاورت مضبوط بنانے کے لئے تیار ہے۔
لی چھیانگ، جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن بھی ہیں، نے یہ بات ورکرز پارٹی آف کوریا (ڈبلیو پی کے) کے جنرل سیکرٹری اور ڈی پی آر کے کے ریاستی امور کے صدر کم جونگ اُن سے ملاقات کے دوران کہی۔
چینی وزیراعظم نے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کی جانب سے کم جونگ اُن کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور ورکرز پارٹی آف کوریا کے قیام کی 80 ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد دی۔
لی چھیانگ نے کہا کہ گزشتہ ماہ جنرل سیکرٹری کم جونگ اُن جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت اور فسطائیت مخالف جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے چین آئے تھے۔ اس موقع پر صدر شی جن پھنگ کے ساتھ ان کی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے چین-ڈی پی آر تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سمت کا تعین کیا اور ایک خاکہ تیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سی پی سی اور چینی حکومت ہمیشہ ڈی پی آر کے کے ساتھ تعلقات کو ایک تزویراتی اور طویل مدتی نکتہ نظر سے دیکھتی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کو برقرار رکھنا، مضبوط کرنا اور فروغ دینا چین کی غیر متزلزل پالیسی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین ڈی پی آر کے کے ساتھ اعلیٰ قیادت کی مشترکہ رہنمائی کے تحت دوطرفہ تعلقات میں نئی پیشرفت کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔
لی چھیانگ نے کہا کہ چین ڈی پی آر کے کے ساتھ اپنی روایتی دوستی کو مزید آگے بڑھانے، عملی تعاون کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی و علاقائی معاملات میں قریبی ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ کثیرجہتی تعاون کو مضبوط کریں، کثیرجہتی اصولوں کا بھرپور دفاع کریں اور بین الاقوامی نظام کی ترقی کو زیادہ منصفانہ اور مساوی سمت میں لے کر جائیں۔
کم جونگ اُن نے لی چھیانگ سے درخواست کی کہ وہ جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کو ان کی دلی نیک تمنائیں اور خیرسگالی کا پیغام پہنچائیں۔ انہوں نے ڈی پی آر کے کی تقریبات میں شرکت پر چینی پارٹی اور حکومتی وفد کا گرمجوشی سے خیر مقدم کیا اور کہا کہ جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کی دانشمندانہ قیادت میں چین نے سوشلسٹ تعمیر و ترقی میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی پی آر کے اور چین کے تعلقات ناقابل تسخیر ہیں اور بین الاقوامی حالات میں کسی بھی تبدیلی کے باوجود دونوں ممالک کے دوستانہ و تعاون پر مبنی تعلقات کو مضبوط بنانا پارٹی اور حکومت کی غیر متزلزل پالیسی ہے۔
کم جونگ اُن نے کہا کہ ڈی پی آر کے چین کے "ایک چین اصول” کی بھرپور حمایت کرتا ہے، "تائیوان کی آزادی” کی علیحدگی پسند کارروائیوں اور کسی بھی بیرونی مداخلت کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور ہانگ کانگ، سنکیانگ اور شی زانگ سے متعلق چین کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیانگ یانگ بیجنگ کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلے کو برقرار رکھنے، مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے، کثیرطرفہ شراکت داری کو مضبوط بنانے، سوشلسٹ مقاصد کی ترقی کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کے عوام کے لئے زیادہ فوائد لانے کا خواہاں ہے۔


