دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمامانٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل میچ کل منگل کو ہو گا ،اس میچ میں آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں مقابل ہوں گی، یہ میچ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، دبئی میں کھیلا جائے گا۔
آسٹریلیا کی ٹیم کو مایہ ناز بلے باز سٹیو سمتھ لیڈ کریں گے جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم مایہ ناز اوپننگ بلے باز روہت شرما کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجے شروع ہوگا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل میچ 5 مارچ کو جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان قذافی سٹیڈیم ، لاہور میں کھیلا جائے گا ۔ دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا فائنل میچ 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما تھی جن میں میزبان دفاعی چیمپئن پاکستان، بنگلہ دیش،افغانستان،بھارت،نیوزی لینڈ،انگلینڈ ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا شامل تھیں ۔ ان 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا ۔ پاکستان کی ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ٹائٹل کے دفاع کے لئے کوشاں تھی جو سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی نہیں کر سکی تھی ۔