ڈپلو میٹک پاسپورٹ کا غیر قانونی استعمال، تنویر الیاس کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

اسلام آباد : سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت اسلام آباد میں سول جج عباس شاہ نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کیخلاف ڈپلو میٹک پاسپورٹ کے استعمال کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کو عدالت میں پیش کیا ، ملزم تنویر الیاس کی جانب سے صابر ملک ایڈووکیٹ اور نوید رضا مغل ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ تنویر الیاس نے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کیا، انہوں نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر سعودی عرب کا دورہ کیا، وہ قانون کے مطابق وزارت عظمی کا عہدہ چھوڑنے کے بعد پاسپورٹ استعمال نہیں کرسکتے تھے۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ تنویر الیاس کا پاسپورٹ کینسل کیا گیا جو انہوں نے تاحال واپس نہیں کیا، ان سے پاسپورٹ ریکور کروانا ہے، 8دن کا ریمانڈ دیا جائے۔وکیل صفائی نے کہا کہ سردار تنویر الیاس سابق وزیر اعظم ہیں، ڈپلومیٹک پاسپورٹ استعمال کر سکتے ہیں، انہوں نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر صرف سعودی عرب کا دورہ کیا، پاسپورٹ ریکور کرنے کیلئے ریمانڈ مانگا گیاہے، ہم پاسپورٹ عدالت میں پیش کرتے ہیں۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے 8 روزہ جسمانی ریمانڈ کی دوبارہ استدعا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاسپورٹ نکال کر جرم کا اقرار کیا ہے۔بعد ازاں عدالت نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔

Author

  • Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts