عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن فوری روکنے کا حکم دے دیا

ہیگ : عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے بلا رکاوٹ انسانی امداد تک رسائی یقینی بنانے کیلئے مصر اور غزہ کے درمیان رفح کراسنگ کھلی رکھنے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی عدالت انصاف نے غزہ میں جنگ بندی کی جنوبی افریقہ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے اسرائیل کو جینوسائیڈ کنونشن کے مطابق رفح میں فوجی آپریشن فوری طور پر روکنے کا حکم دیا ہے۔
عالمی عدالت انصاف کے صدر نواف سلام نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو رفح پر فوری طور پر اپنا فوجی حملہ روکنا چاہئے اور کوئی دوسری ایسی کارروائی نہیں کرنی چاہیے جس سے غزہ میں رہنے والوں کیلئے ایسے حالات ہو جائیں جو ان کی مکمل یا جزوی تباہی کا باعث بنیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں صورتحال تباہ کن ہے اور موجودہ صورتحال سے غزہ کے عوام کے حقوق کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کے مزید خطرات لاحق ہیں۔
عالمی عدالت انصاف نے کہا کہ اسرائیل کو جب 28مارچ کو غزہ میں انسانی بحران کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا تھا اس کے بعد غزہ کی صورتحال مزید ابتر ہو گئی ہے۔
نواف سلام نے کہا کہ عدالت کی جانب سے مارچ میں عارضی اقدامات کا جو حکم دیا گیا تھا لیکن وہ صورتحال پر قابو پانے سے قاصر ہیں،ایسے کوئی ثبوت نہیں ملے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کیلئے مناسب انسانی رسائی فراہم کی ہو۔عدالت نے اسرائیل کو حکم دیا کہ وہ بلا رکاوٹ انسانی امداد تک رسائی یقینی بنانے کیلئے مصر اور غزہ کے درمیان رفح کراسنگ کو کھلا رکھے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ زیر محاصرہ غزہ کی پٹی تک اسرائیل تفتیش کاروں کو رسائی دی جائے جو اس سلسلے میں پیشرف پر ایک ماہ بعد رپورٹ کریں گے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts