غزہ معاملے پر امریکی پالیسی پاگل پن ،ہمیں اسلحہ نہیں، سفارتکاری کی ضرورت ہے ،ہالا رہاریت

واشنگٹن: سابق امریکی سفارتکار ہالارہاریت نے غزہ معاملے پر امریکی پالیسی کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اسلحہ نہیں، سفارتکاری کی ضرورت ہے ، غزہ جنگ کے معاملے پر امریکہ سے کسی کے مزید نفرت کرنے کی وجہ نہیں بنا چاہتی تھی بطور انسان اور ماں کیسے ممکن ہے مردہ فلسطینی بچوں کی ویڈیو آپ پر اثر نہ ڈالیں؟،امریکی پالیسی فلسطینی نسل کو انتقام پر اکسا رہی ہے ،ڈر ہے یتیم فلسطینی بچے کل ہتھیار اٹھا کر بدلا لینے نہ کھڑے ہو جائیں ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق امریکی سفارتکار ہالا رہاریت نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ 18سال کے کیرئیر میں ہمیشہ پالیسی پر بات ہوتے دیکھی تھی کہ امریکا کیا غلط کر رہا ہے اور کیا درست مگر حیران کن اور منجمد کرنیوالی یہ صورتحال پہلی مرتبہ غزہ تنازعے پر پیدا ہوئی اس لئے اکتوبر سے غزہ صورتحال پر انٹرویو دینا بند کردیئے تھے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خارجہ میں لوگ ڈر کے مارے غزہ کا ذکر کرنے سے بھی گریز کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ خارجہ غزہ پر جن نکات پر بات کا کہتا تھا وہ اشتعال انگیز تھے، وہ نکات فلسطینیوں کو یکسر نظرانداز کرتے تھے، ان میں فلسطینیوں کی حالت زار کا ذکر نہیں ہوتا تھا۔انہوں نے کہا کہ جب میں محکمہ خارجہ کے نکات پر بات کرتی تو لوگ ٹی وی پر جوتا مارنے کا سوچتے، امریکی پرچم جلانے کا سوچتے اور امریکی فوج پر راکٹ مارنے کا سوچتے۔ انہوں نے کہا کہ میں غزہ جنگ کے معاملے پر امریکا سے کسی کے مزید نفرت کرنے کی وجہ نہیں بننا چاہتی جس وجہ سے مستعفی ہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ المناک تھا کہ فلسطینی بچوں کو مارنے والے بم ہمارے تھے اور زیادہ المناک یہ تھا کہ اموات کے باوجود ہم مزید اسلحہ اسرائیل بھیج رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ بطور انسان اور بطور ایک ماں یہ کیسے ممکن ہے، مردہ فلسطینی بچوں کی ویڈیو آپ پر اثر نہ ڈالیں؟۔انہوں نے کہا کہ مجھے ڈر ہے یتیم فلسطینی بچے کل کو ہتھیار اٹھا کر بدلا لینے نہ کھڑے ہو جائیں کیونکہ امریکی پالیسی پوری نسل کو انتقام پر اکسا رہی ہے۔انہوں نے امریکی پالیسی کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسلحہ کی نہیں سفارت کاری کی ضرورت ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts