چین کے قومی موسمیاتی مرکز کے مطابق طوفان ڈولفن چین کے مشرقی صوبہ ژے جیانگ کے ساحل سے دو مرتبہ ٹکرانےکے بعد خشکی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ طوفان کے باعث 10 سے زائد صوبائی سطح کے علاقوں میں شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔
مرکز نے پیر کی صبح طوفان کے حوالے سے بلیو وارننگ جاری کی۔ ژے جیانگ، جیانگسو، ہینان اور ہیبے سمیت مختلف علاقوں میں بدھ تک مسلسل شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش، گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا۔
موسمیاتی مرکز کے مطابق جمعرات کے روزسے طوفان کے باقی ماندہ اثرات شمال کی جانب بڑھنے اور سرد ہواؤں کے ساتھ ملنے کا امکان ہے۔ اس کے نتیجے میں بیجنگ، تیانجن، ہیبے اور لیاؤننگ میں اچھی خاصی بارش ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے باعث بعض علاقوں میں سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے ارضیاتی آفات اور چھوٹے و درمیانے درجے کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لئے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔
بیجنگ میں سیلاب پر قابو پانے والے حکام نے بتایا ہے کہ شہر منگل کی صبح سیلاب سے نمٹنے کے دوسرے درجے کا ہنگامی ردعمل فعال کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ ہیبے، تیانجن اور ہینان میں بھی شدید بارشوں کا انتباہ جاری کر دیا گیا۔ ان علاقوں میں پہاڑی اور آبی سیاحتی مقامات پر حفاظتی جانچ مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ زیادہ خطرے والے علاقوں کو ضرورت پڑنے پر بند کر دیا جائے گا۔
تائی ژو، وین ژو، شنگھائی، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ


