بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت عوامی سلامتی (ایم پی ایس) نے کہا ہے کہ چینی اور تھائی پولیس نے حال ہی میں چینی شہریوں کو نشانہ بنانے والے ایک بڑے سرحد پار کریڈٹ کارڈ فراڈ گروہ کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
وزارت نے جمعرات کے روز بتایا کہ وزارت عوامی سلامتی اور تھائی لینڈ کی رائل تھائی پولیس ہیڈکوارٹرز کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں 4 چینی اور 5 تھائی شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔
وزارت نے کہا کہ دونوں فریقین نے کارروائی کے وقت کے حوالے سے باہمی رابطہ کیا اور کئی جرائم کے مراکز کو ختم کرتے ہوئے مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔
بیان کے مطابق چینی پولیس نے 2025 میں اس بین الاقوامی جرائم پیشہ گروہ کا سراغ لگایا اور فوری طور پر کیس سے متعلق معلومات اپنے تھائی ہم منصبوں کو فراہم کیں اور ان سے تعاون طلب کیا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ دو مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر ملی بھگت کی۔ ان میں سے ایک نے تھائی لینڈ میں ایک دکان کی آڑ لے کر مبینہ طور پر متاثرین کے کریڈٹ کارڈ کی معلومات غیر قانونی طور پر حاصل کیں، جبکہ دوسرے نے مبینہ طور پر چوری شدہ معلومات سے جعلی کارڈ تیار کئے اور لوگوں کو یہ کارڈ فراڈ پر مبنی لین دین کے لئے استعمال کرنے اور غیر قانونی آمدنی کو منافع میں تبدیل کرنے پر لگایا۔
حکام نے اب تک اس مقدمے سے منسلک 50 لاکھ یوآن ( تقریباً7 لاکھ 36 ہزار 500 امریکی ڈالر)سے زائد مالی نقصان کی نشاندہی کی ہے۔
وزارت کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں اقتصادی جرائم کے خلاف دونوں ممالک کی پولیس کی جانب سے کی جانے والی قانون نافذ کرنے کی پہلی مربوط مشترکہ کارروائی ہے۔


