بیجنگ (شِنہوا) چین کے مرکزی بینک، پیپلز بینک آف چائنہ (پی بی او سی) نے 2026 سے 2030 کے دورانیے کے لئے اصلاحاتی و ترقیاتی خاکہ جاری کر دیا ہے جس میں ملک کو ایک مضبوط مالیاتی طاقت بنانے اور مرکزی بینکنگ نظام مزید بہتر کرنے کے حوالے سے عملی ترجیحات طے کی گئی ہیں۔
منصوبے کے تحت اعلیٰ سطح کی عالمی مالیاتی شمولیت کو احتیاط اور تدبر کے ساتھ آگے بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ عالمی تجارت، سرمایہ کاری اور فنانسنگ میں رین من بی کے استعمال کو فروغ اور مالیاتی منڈیوں کی دوطرفہ رسائی کو وسعت دی جائے گی، شنگھائی کو بین الاقوامی مالیاتی مرکز بنانے کے اقدامات تیز کرنے سمیت ہانگ کانگ کا عالمی مالیاتی مرکز کے طور پر کردار مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
مالیاتی وسعت کی اس مہم کے تحت پی بی او سی سرحد پار بینکاری ادائیگیوں کے نظام کو مختلف سطح پر مزید وسیع اور فعال بنائے گا، بیرون ملک رین من بی منڈیوں کی نمو و ترقی کے لئے عملی پیش رفت کی جائے گی۔
ملکی سطح پر مالیاتی پالیسی کے حوالے سے اس منصوبے کا مقصد چینی جدید مالیاتی نظام میں بہتری لانا، بنیادی زر کے اجرا کا طریقہ کار بہتر بناتے ہوئے مجموعی و ڈھانچہ جاتی آلات کے بہتر استعمال کے ذریعے ایک زیادہ سائنسی اور مضبوط لائحہ عمل تشکیل دینا ہے۔
اس میں مارکیٹ کی بنیاد پر شرح سود کی تشکیل، اس کی منتقلی اور رد و بدل کے نظام کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے، شرح تبادلہ کے تعین میں مارکیٹ کو فیصلہ کن کردار ادا کرنے کی اجازت دی جائے گی تاکہ رین من بی کی قدر ایک مناسب اور متوازن سطح پر مستحکم رکھی جا سکے۔
اس منصوبے کا ایک بنیادی نکتہ حقیقی معیشت کے لئے اعلیٰ معیار کی مالیاتی خدمات تک رسائی مضبوط اور آسان بنانا ہے۔ پی بی او سی نے اہم قومی حکمت عملیوں، کلیدی شعبوں کی معاونت اور کمزور شعبوں کی بہتری کے لئے ایک جامع اور موثر پالیسی نظام بنانے کا عزم کیا ہے۔ اس میں سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی کے لئے سازگار مالیاتی نظام کی تشکیل، ماحولیات دوست مالی معاونت کا فروغ، ہمہ گیر مالیاتی شمولیت کا دائرہ بڑھانا، پنشن کا مالیاتی نظام بہتر بنانا اور ڈیجیٹل فنانس میں پیشرفت تیز کرنا شامل ہے۔
2026 سے 2030 کی مدت کو مد نظر رکھتے ہوئے پی بی او سی کا کہنا ہے کہ وہ چین کو مالیاتی طور پر مضبوط بنانے اور اعلیٰ معیار کی معاشی ترقی کی معاونت کے لئے منصوبے کی تمام تر تدابیر پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔


