لاہور (لارڈ میڈیا): ٹاؤن شپ پولیس کی حراست میں دو خواتین کی ہلاکت کے معاملے پر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 176 کے تحت جوڈیشل انکوائری مکمل کرلی گئی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت نے انکوائری رپورٹ میں خواتین پر تشدد کے الزام کی تردید کی ہے۔
رپورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے دونوں خواتین کی لاشوں کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ دورانِ انکوائری خواتین پر تشدد کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں، جبکہ دونوں خواتین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔
انکوائری رپورٹ میں تھانہ ٹاؤن شپ کے ایس ایچ او کو دونوں خواتین کا پوسٹ مارٹم کروانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ کی روشنی میں موت کی حتمی وجوہات کا تعین کیا جا سکتا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت نے اپنی انکوائری رپورٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو جمع کرا دی ہے۔


