اسلام آباد (لارڈ میڈیا): گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال کے سبب پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ پی ٹی سی کے چیئرمین فواد انور نے وزیراعظم کو خط ارسال کیا ہے، جس کی نقل وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو بھی بھیجی گئی ہے۔
پی ٹی سی کے مطابق 8 اگست سے جاری ہڑتال کی وجہ سے خام مال اور برآمدی کھیپوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کی سپلائی چین متاثر ہو چکی ہے جبکہ برآمدی کنٹینرز کی معمول کے مطابق نقل و حمل بھی متاثر ہو گئی ہے۔
خط میں پی ٹی سی نے کہا ہے کہ درآمدی خام مال بندرگاہوں پر رکا ہوا ہے جبکہ مقامی کپاس اور دیگر خام مال کو ملوں تک پہنچانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت کے لیے بلاتعطل نقل و حمل انتہائی ضروری ہے۔ موجودہ تعطل جاری رہا تو معاشی نقصان ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا جائے گا۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے اپیل کی ہے کہ وزیراعظم متعلقہ حکومتی اداروں اور ٹرانسپورٹ شعبے کے نمائندوں کو ایک میز پر لائیں اور ذاتی مداخلت کرکے ہڑتال کے جلد حل کو یقینی بنائیں۔


