بیجنگ (شِنہوا) چین کی متعدد لسٹڈ کمپنیوں نے جولائی کے آغاز سے امریکی محصولات کی واپسی اور اس پر سود موصول ہونے کی اطلاع دی ہے، کیونکہ امریکہ بین الاقوامی ہنگامی اقتصادی اختیارات کے قانون (آئی ای ای پی اے) کے تحت عائد محصولات واپس کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے۔
گوئی ژو ٹائر کمپنی لمیٹڈ نے 7 اگست کو بتایا کہ اس کی بیرون ملک مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی کو امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کی طرف سے ٹیرف کی واپسی اور سود کی مد میں مجموعی ایک کروڑ 19 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
8 جولائی کو ژے جیانگ ہواہائی فارماسیوٹیکل کمپنی لمیٹڈ نے کہا کہ اسے ٹیرف کی واپسی کی مد میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 42 لاکھ 30 ہزار امریکی ڈالر موصول ہوئے ہیں جن کے بارے میں توقع ہے کہ اس دن کی یوآن کی مرکزی پارٹنر ریٹ کے مطابق اس کے 2026 کے خالص منافع پر تقریباً 9 کروڑ 68 لاکھ 70ہزار یوآن کا اثر پڑے گا۔ اسی دن ہائی ٹی ویژن کمپنی لمیٹڈ نے کہا کہ اس کی ذیلی کمپنی کو ٹیرف کی واپسی کی مد میں 40 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
کینیچر ہیلتھ ٹیکنالوجی گروپ کمپنی لمیٹڈ نے 13 جولائی کو بتایا کہ اسے سود سمیت 45 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر ٹیرف کی رقم کی واپسی کی مد میں موصول ہوئے ہیں۔
28 جولائی کو ونبو ڈونگ جیان آٹوموٹو ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ نے کہا کہ اسے اور اس کی مکمل ملکیت والی ذیلی کمپنی کو ٹیرف کی واپسی اور سود کی مد میں 33لاکھ 90 ہزار امریکی ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
گرین ورکس (جیانگسو) کمپنی لمیٹڈ اور نیو ٹیک ووڈ کارپوریشن نے بھی رقم ظاہر کئے بغیر جزوی ٹیرف کی واپسی موصول ہونے کی اطلاع دی ہے۔ شین زین ہیلو ٹیک انرجی کمپنی لمیٹڈ، ہان سونگ (نان جنگ) ٹیکنالوجی لمیٹڈ اور ژے جیانگ ڈنگ لی مشینری کمپنی لمیٹڈ نے کہا کہ انہوں نے رقم کی واپسی کی درخواستیں جمع کرادی ہیں یا متعلقہ عمل شروع کر دیا ہے۔


