ریاض (لارڈ میڈیا): یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کی سب سے بڑی تیل کمپنی آرامکو کی جیزان میں واقع تنصیب پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ اب مغربی یمن کی اہم بندرگاہ المخا کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
العریبیہ کے مطابق، حوثیوں نے المخا بندرگاہ پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں المخا شہر میں کم از کم چار دھماکے ہوئے ہیں۔ تاہم ان دھماکوں میں ہونے والے نقصان کی تفصیلات واضح نہیں ہو سکیں۔
المخا بندرگاہ آبنائے باب المندب کے قریب ہونے کے باعث اہمیت کی حامل ہے، جو دنیا کے اہم بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔
حوثیوں نے کہا ہے کہ آرامکو کی تنصیب پر حملہ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے صوبوں صعدہ اور حجہ پر کیے گئے ڈرون حملوں کا جواب تھا۔
سعودی وزارت توانائی نے جیزان کی آرامکو ریفائنری میں آگ کی تصدیق کی ہے، جسے فائر فائٹرز نے بجھا دیا۔ وزارت نے واضح کیا کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
سعودی وزارت خارجہ نے سلامتی کونسل کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں حوثیوں کے میزائل حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔ کونسل نے یمن میں حوثیوں کو ہتھیاروں کی فراہمی پر مکمل پابندی کی یاد دہانی کرائی ہے۔


