اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا ہے کہ ترکش پیٹرولیم پاکستان کے سمندروں میں آف شور ڈرلنگ کرنے جا رہی ہے، جس کے بعد ایک بڑی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، علی پرویز ملک نے کہا کہ مسلم لیگ ن عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنا کر ناقابل تسخیر بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران امریکا جنگ کے دوران پاکستان خطے میں امن اور تحفظ کا ضامن بن کر سامنے آیا جبکہ مکہ مشترکہ معاہدے پر پوری قوم کو فخر ہے۔ سعودیہ کی معاشی قوت، ترکیے کی ترقی اور پاکستان کی دفاعی صلاحیت اہم کردار ادا کرے گی۔
علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی مہارت اور صلاحیتوں کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ ایران امریکا جنگ کے دوران معاشی سطح پر چیلنجز کا سامنا رہا لیکن وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل فیصلے لیتے ہوئے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت نے عوام کو ریلیف دینے اور تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول آج بھی مہنگا ہے لیکن اس کی قلت کہیں نہیں آنے دی گئی۔


