اسلام آباد (لارڈ میڈیا) پاکستان نے بھارت کے آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو آزاد کشمیر کے جمہوری عمل پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی اور قانونی حق نہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کی حالیہ اندرونی پیش رفت سے آگاہ ہے مگر اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان دیگر ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے فریقین سے رابطے میں ہے۔ انہوں نے بنگلا دیش کے ساتھ ترقی اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ یوم استحصال کشمیر منایا گیا جس میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی گئی۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر ہیں، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور تزویراتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کو انتہائی تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں دوطرفہ شراکت داری مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے القدس شریف کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی توثیق کی ہے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسدادِ دہشت گردی مذاکرات میں دہشت گردی کے خلاف تعاون اور علاقائی امن کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایران امریکا بحران کے حل کی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے اور آبنائے ہرمز کے بحران میں برادر ممالک کے کردار کو سراہتا ہے۔


