پیرس (شِنہوا) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس و ثقافت (یونیسکو) نے اعلان کیا ہے کہ بیجنگ کو یونیسکو-یو آئی اے (بین الاقوامی اتحاد معماراں) کی جانب سے 2029 کے لئے فن تعمیر کا عالمی دارالحکومت نامزد کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ فن تعمیر کے عالمی دارالحکومت پروگرام کی مشترکہ کمیٹی کی سفارش پر کیا گیا۔
یونیسکو اور یوآئی اے کے مشترکہ طور پر قائم کردہ فن تعمیر کے عالمی دارالحکومت پروگرام کا مقصد پائیدار شہری ترقی کے فروغ میں فن تعمیر، شہری منصوبہ بندی، ثقافت اور تاریخی ورثے کے موثر کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ ہر تین سال بعد یونیسکو، یو آئی اے کی عالمی کانگریس کے میزبان شہر کو فن تعمیر کے عالمی دارالحکومت کا درجہ دیتا ہے۔
یونیسکو کے مطابق بیجنگ کا انتخاب اس لئے کیا گیا کیونکہ اس نے دنیا کے بہترین تعمیراتی ورثے کو پائیدار شہری ترقی کے جدید اور مستقبل پر مبنی منصوبوں کے ساتھ کامیابی سے جوڑا ہے۔
یونیسکو نے اپنے پریس ریلیز میں کہا کہ بیجنگ کا تاریخی شہر، کامیاب ترقیاتی منصوبے اور مضبوط تعمیراتی ثقافت یہ ثابت کرتے ہیں کہ تاریخی ورثہ، نئی جدت اور عوامی زندگی مل کر ایسے شہر بنا سکتے ہیں جو مضبوط، پائیدار اور رہنے کے لئے بہتر ہوں۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بارش کے بعد آسمان پر قوس قزح کا خوبصورت منظر-(شِنہوا)
2029 میں بیجنگ کی میزبانی کے حوالے سے یونیسکو کے ڈائریکٹر جنرل خالد العنانی نے پریس ریلیز میں اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کا غیرمعمولی تعمیراتی ورثہ، تیزی سے بدلتا شہری منظرنامہ اور مستقبل پر مبنی وژن فن تعمیر کی طاقت کے بارے میں نئے بین الاقوامی مکالمے کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔
برازیل کا شہر ریو ڈی جنیرو 2020 میں یونیسکو-یو آئی اے کی جانب سے فن تعمیر کے حوالے سے عالمی دارالحکومت قرار پانے والا پہلا شہر تھا، جس کے بعد کوپن ہیگن اور بارسلونا کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔


