اسلام آباد (لارڈ میڈیا): اپنی سابقہ اہلیہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم صفدر عرفان کی ضمانت سپریم کورٹ نے مسترد کر دی۔ عدالت نے ملزم کے خلاف سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسے ملزم کو ضمانت نہیں دی جا سکتی۔
سماعت کے دوران جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ مقدمے کی ایف آئی آر کو پڑھنے کی ہمت نہیں ہے۔ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ ملزم نے اپنی اہلیہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر شائع کیں۔ جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ ملزم نے انتہائی غیر اخلاقی حرکت کی ہے اور بیوی کے طلاق لینے پر یہ سب کیا۔
ملزم کے وکیل نے بتایا کہ خاتون دبئی میں مقیم ہیں اور ملزم 6 ماہ سے جیل میں ہے۔ اس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ ملزم نے خاتون کو ملک میں رہنے کے قابل نہیں چھوڑا اور اسے سزا ملنی چاہیے۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے مزید کہا کہ خاتون کی شائستگی ہی اس کا پردہ ہوتی ہے اور ملزم نے مقدس رشتے کو پامال کیا ہے۔ عدالت نے ملزم کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی، جس پر ملزم کے وکیل نے کیس واپس لے لیا۔


