کراچی (لارڈ میڈیا) کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت آغاز ہوا جبکہ امریکی ڈالر کی قدر مزید کم ہوگئی۔ 100 انڈیکس 516 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 78 ہزار 716 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ ہوتا دیکھا گیا۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن پاکستان کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 2 پیسے سستا ہوکر 277 روپے 75 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں معاشی استحکام کے مثبت آثار، غیر ملکی سرمایہ کاری اور ترسیلاتِ زر میں اضافہ اسٹاک مارکیٹ کی بہتری کا باعث بنے ہیں۔
ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی کی ممکنہ کمی اور عالمی سطح پر سفارتی پیش رفت کی توقعات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھا دیا ہے، جس کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ میں خریداری کا رجحان جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 1 لاکھ 76 ہزار 94 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جبکہ گزشتہ روز بھی امریکی ڈالر 3 پیسے سستا ہوا تھا۔


