لاہور (لارڈ میڈیا): پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقی مائیکل اسمتھ کو دو سال کے لیے پاکستان مینز ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ مائیکل اسمتھ ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں ٹیموں کے ساتھ کام کریں گے اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز 19 اگست سے شروع ہو گی۔
قومی ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل ہیں، جبکہ بیٹنگ کوچ کا مستقل عہدہ پہلے خالی تھا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق بطور سلیکٹر بعض اوقات بیٹنگ سے متعلق رہنمائی فراہم کرتے رہے ہیں، لیکن اب یہ ذمہ داری مکمل طور پر مائیکل اسمتھ کو سونپ دی گئی ہے۔
پاکستانی بیٹنگ لائن گزشتہ کچھ عرصے سے تنقید کی زد میں ہے، خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں بار بار ناکامیاں سامنے آئی ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن 38 رنز کے اضافے پر آخری سات وکٹیں گنوا بیٹھی، جس سے انتظامیہ کو تشویش ہوئی۔
پاکستانی بولرز بھی حریف ٹیموں کے نچلے نمبروں کے بلے بازوں کو جلد آؤٹ کرنے میں ناکام رہے ہیں، جو مسلسل مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ شائقین کو امید ہے کہ اسمتھ کی تقرری سے بیٹنگ لائن میں استحکام آئے گا۔
مائیکل اسمتھ نے جنوبی افریقا کی طرف سے فرسٹ کلاس، لسٹ اے اور ٹی ٹوئنٹی میں 7,029 رنز بنائے ہیں۔ ان کے کیریئر میں 9 سنچریاں اور 40 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ وہ پی ایس ایل کی تین فرنچائزز کے کوچنگ سٹاف کا حصہ رہ چکے ہیں، اور ہوبارٹ ہریکینز اور کرکٹ تسمانیہ کے بیٹنگ کوچ بھی رہے ہیں۔


