ریاض (لارڈ میڈیا): سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ ‘پلگرم ایکسپیرینس پروگرام’ کی سالانہ رپورٹ 2025 کے مطابق، گزشتہ سال 1 کروڑ 80 لاکھ عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچے جن میں سب سے زیادہ تعداد مصری زائرین کی تھی، جبکہ دوسرے نمبر پر پاکستانی زائرین رہے۔ رپورٹ میں حج اور عمرہ زائرین کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات کی ترقی کا احاطہ کیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق، پی ای پی پروگرام زائرین کے سفر کو ان کی روانگی سے لے کر وطن واپسی تک آرام دہ بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ 2025 کے دوران 60 سے زائد اداروں کے تعاون سے 87 منصوبوں پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمرہ زائرین کی تعداد میں 2022 کے مقابلے میں 114 فیصد اضافہ ہوا۔ مجموعی طور پر 15.03 ملین عمرہ ویزے جاری کیے گئے، جن میں 83 فیصد ویزے عمرہ کے مقصد کے لیے تھے۔
رپورٹ کے مطابق، عمرہ زائرین کی اطمینان کی شرح 94 فیصد رہی، جو وژن 2030 کے اہداف سے زیادہ ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تاریخی اور مذہبی سائٹس کی تعداد بڑھا کر 87 کی گئی ہے۔
2025 میں 1 لاکھ 84 ہزار 569 رضا کاروں نے زائرین کی خدمت کی۔ عالمی سیاحت میں مکہ مکرمہ پانچویں اور مدینہ منورہ ساتویں نمبر پر رہے۔ رپورٹ کے مطابق، یہ اصلاحات سعودی وژن 2030 کے خوابوں کو تعبیر دینے کے ساتھ حرمین شریفین کی خدمت کو مضبوط کرتی ہیں۔


