لاہور (لارڈ میڈیا): ملک بھر میں آج یوم شہدائے پولیس منایا جا رہا ہے جس میں بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے مشن کو آگے بڑھایا جائے گا۔ پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔
ملک بھر میں اس موقع پر خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں قرآن خوانی اور شہدا کی یادگاروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جا رہی ہیں۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ شہدائے پولیس قوم کا فخر ہیں۔
یوم شہدا کے موقع پر شہدا کے اہلِ خانہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، جنہوں نے اپنے پیاروں کی قربانی کو صبر اور حوصلے کے ساتھ برداشت کیا۔ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔


