پشاور (لارڈ میڈیا) خیبر پختونخوا پولیس میں انویسٹی گیشن اور آپریشن ونگ کو مکمل طور پر الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا ہے کہ انویسٹی گیشن ونگ کو انتظامی و مالی خودمختاری دی جائے گی اور اسے اے آئی جی سے ضلعی سطح تک الگ کمانڈ سٹرکچر دیا جائے گا۔ ان اصلاحات کا مقصد کرمنل جسٹس سسٹم میں شفافیت اور بہتری لانا ہے۔
صوبائی وزیر قانون نے مزید کہا کہ حکومت پراسیکیوشن سسٹم کو مضبوط اور جوابدہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے، اور پراسیکیوشن کی ناقص کارکردگی پر ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔ پولیس انویسٹی گیشن کو آپریشن ونگ سے مکمل انتظامی آزادی دی جائے گی، جس کے بعد ملزمان کو سزا دلوانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انویسٹی گیشن ونگ کو مالی اور انتظامی خودمختاری فراہم کی جائے گی۔ پولیس ایکٹ ترمیمی بل کا مسودہ جلد حتمی شکل دے دیا جائے گا، اور ضلعی، ریجنل اور صوبائی سطح پر الگ انویسٹی گیشن چین قائم کی جائے گی۔ اصلاحات کے بعد جرائم کی روک تھام اور عوام کو بہتر انصاف کی فراہمی کی توقع ہے، جبکہ تفتیشی نظام کی بہتری سے ملزمان کی بریت کی شرح کم کرنے کی کوشش ہوگی۔


