لاہور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خصوصی مراعاتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے صوبے میں جدید گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے قیام کی اصولی منظوری دی ہے اور اس پر عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان طلب کر لیا ہے۔
یہ فیصلہ اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران ہوا، جس میں چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے گرین انڈسٹریل اکنامک زون کے منصوبے پر بریفنگ دی۔ انہوں نے او پی ایف اور گرین انرجی گروپ کے اشتراک سے پنجاب میں عالمی معیار کا گرین اکنامک زون قائم کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا مقصد صاف توانائی، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
منصوبے کے تحت مجوزہ گرین اکنامک زون میں جدید کلین انرجی انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا، جس سے صنعتوں کو ماحول دوست اور پائیدار توانائی مہیا ہو گی۔ اس سے 18 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع، 5.6 ارب روپے سالانہ آمدن اور قومی جی ڈی پی میں 1.5 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ہر قسم کی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زیرو ٹائم ٹو سٹارٹ پالیسی نافذ کی گئی ہے اور ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام این او سیز کی فوری فراہمی کا نظام قائم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار اعتماد کے ساتھ سرمایہ کاری کر سکیں۔


