ہومتازہ ترینآزاد کشمیر کے 21 حلقوں میں ووٹنگ شروع

آزاد کشمیر کے 21 حلقوں میں ووٹنگ شروع

مظفرآباد (لارڈ میڈیا): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے جنرل انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے میں آج 21 حلقوں میں پولنگ شروع ہوگئی۔ مظفرآباد ڈویژن کے عام انتخابی حلقوں اور پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی 12 نشستوں سمیت پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق تمام انتخابی سامان اور پولنگ عملے کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر 8 لاکھ 9 ہزار 621 ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 143 امیدوار مدمقابل ہیں۔

مظفرآباد کے اضلاع میں 1483 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جہاں حساس مقامات پر سکیورٹی تعینات ہوگی۔ حلقہ ایل اے 28، 29 اور 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر، استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تنویر الیاس، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر، اور سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے درمیان کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں۔

راولپنڈی ڈویژن میں مہاجرین کی 3 نشستوں پر 35 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جہاں 27,907 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سکیورٹی کے لیے 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 175 میں سے 31 پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں حلقہ ایل اے-45 کشمیر ویلی-VI کے لیے 21 اضلاع میں 41 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جہاں 7,655 ووٹرز ووٹ ڈالیں گے۔ تمام حلقوں میں پولنگ ختم ہونے کے دو گھنٹے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں