تہران (لارڈ میڈیا): ایران نے امریکا، اسرائیل اور دیگر علاقائی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی فوجی اقدام یا مداخلت کے نتائج کی مکمل ذمہ داری حملہ آور فریق پر ہوگی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے آرمی چیف، سعودی عرب کے وزیر خارجہ اور ترکی کے وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے، جن میں خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا کو کسی بھی قسم کی مہم جوئی سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ ایران اپنے خلاف ہونے والی ہر کارروائی کا بھرپور اور سخت جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر امریکا یا اسرائیل نے کسی بھی نوعیت کی جارحیت کی تو تہران اس کا فیصلہ کن جواب دے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی علاقائی ملک نے ایسے اقدام میں کردار ادا کیا تو ایران اس کے خلاف بھی سخت ردعمل دینے سے گریز نہیں کرے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سفارتی رابطوں کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔


