بیجنگ (شِنہوا) چین کی قومی توانائی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ جون 2026 کے اختتام تک ملک میں جدید طرز کی توانائی ذخیرہ کرنے کی نصب شدہ صلاحیت گزشتہ سال کی نسبت 61 فیصد اضافے کے ساتھ 15 کروڑ 30 لاکھ کلوواٹ تک پہنچ گئی۔
ادارے کے عہدیدار شو جی لین نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ نئی طرز کی توانائی ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی قابل تجدید توانائی کی بڑے پیمانے پر ترقی اور استعمال کو فروغ دینے، بجلی کی قابل اعتماد فراہمی یقینی بنانے اور بجلی کے نظام کی حفاظت اور استحکام بہتر بنانے کے لئے ایک اہم ٹیکنالوجی بن چکی ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق 14ویں 5 سالہ منصوبے (2021-2025)کے دوران چین میں نئی طرز کی توانائی ذخیرہ کرنے کی نصب شدہ صلاحیت 30 لاکھ کلوواٹ سے بڑھ کر 13 کروڑ 60 لاکھ کلوواٹ تک پہنچ گئی جو تقریباً ہر سال دوگنی ہوتی رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیتھیم آئن بیٹری پر مبنی ذخیرہ کاری بدستور اس شعبے میں غالب رہی، تاہم اس کے ساتھ دیگر ٹیکنالوجیز نے بھی تیزی سے ترقی کی۔
شو جی لین نے کہا کہ 15ویں 5سالہ منصوبے (2026-2030) کے دوران قومی توانائی انتظامیہ نئی طرز کی توانائی ذخیرہ کرنے کے شعبے میں تکنیکی اختراع کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے، صنعتی ترقی کی سطح بلند کرنے اور زیادہ موثر اقدامات کے ذریعے اس شعبے کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے کام کرے گی۔


